Poetry of Dr Shozab Kazmi
ہم حسینؑ کے ہیں
ہمارا ناز یہی ہے کہ ہم حسینؑ کے ہیں
سروں پہ چھائے یہ ابرِ کرم حسینؑ کے ہیں
دل و نظر پہ سبھی غم رقم حسین ؑ کے ہیں
ہماری سانسوں میں جاری یہ دم حسینؑ کے ہیں
دلیل پائی ہے ، یہ "اِرجعی" کی آیت سے
معاملاتِ وجود و عدم حسینؑ کے ہیں
ہے جادہ کلمہ و دیں کا جو آج بھی روشن
میانِ راہ ، نقوشِ قدم حسینؑ کے ہیں
اِنہی کا نام ہے رومالِ زہرا کے گوہر
ہماری پلکوں پہ جو اشکِ غم حسینؑ کے ہیں
رِدائیں چھین کے ، خیمے جلا کے اُمّت نے
جنہیں بنایا ہے قیدی حرم حسینؑ کے ہیں
حسینؑ لکھتے ہیں تقدیرِ فُطرس و راہب
کچھ اِس میں شک نہیں ، لوح و قلم حسینؑ کے ہیں
یہی نہیں کہ فقط کربلا ہے مولا کی
سبھی مناظرِ عرش و اِرَم حسینؑ کے ہیں
مُعّلیٰ کرنے کو گمنام خِطّہ ، اے شوذب
" زمینِ کرب و بلا پر قدم حسین کے ہیں "
بشکریہ عظیم اعظمی صاحب ، بزمِ سخنورانِ اہلِ بیت(ع)
پیر 30 جون 2025ء مطابق 04 محرّم الحرام 1447ھ ملتان پاکستان